ریاض/ منگلورو:30/اکتوبر(ایس او نیوز) سعودی عرب کے ریاض میں مقیم ساحلی عوام کی دیرینہ مانگ رہی ہے کہ ریاض اور منگلورو کے درمیان راست پرواز وں کی سہولت ہو۔ اس سلسلے میں کراولی ویلفئیر اسوسی ایشن نے کرناٹکا کے وزیر برائے غذااور عوامی سپلائی یوٹی قادر اور منگلورو شمالی حلقہ کے رکن اسمبلی محی الدین باوا سے ملاقات کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ مینگلور سے ریاض کے لئے ڈٓائرکٹ فلائٹ سروس شروع کی جائے۔
یوٹی قادر سعودی عرب کے ریا ض میں منعقدہ بیاری سنگم پروگرام میں شرکت کے لئے پہنچے تھے، جسکے دوران اسوسی ایشن کے صدر اور عہدیداران نے مانگ کی کہ ریاض اور منگلورو کے درمیان راست پروازوں کے لئے سہولت مہیا کریں۔ وفد نے یوٹی قادر سے کہاکہ اس سے پہلے بھی خود آپ اور امیکو کے سی ای اؤ محمد آصف مرکزی وزیر برائے سیاحت سے ملاقات کرتے ہوئے بات چیت کی تھی ، اپیل پر موصوف وزیر نے مثبت انداز میں جواب دیتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں اپنی بساط بھر کوشش کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اسوسی ایشن کا ایک دوسرا وفد رکن اسمبلی محی الدین باوا سے بھی ملاقات کرتے ہوئے اُن سے بھی اس سلسلے میں اپنی جانب سے کوشش کرنے پر زور دیا ہے۔
بتایا گیاہے کہ وفد نےعارضی طورپر ائیر انڈیا کے اوقات میں تبدیلی کے ذریعے مسافروں کو کنکٹنگ فلائٹ سے جوڑنے کی بھی اپیل کی ہے۔ اپیل پر محی الدین باوا نے یقین دلایا ہے کہ اس سلسلے میں عاسکر فرنانڈیز سے بات کرکے مرکزی حکومت کے افسران کے ذریعے کوشش کریں گے۔ کراولی اسوسی ایشن کے صدر سنتوش شٹی ، رابطہ عامہ کے افسر پرویز علی ، ثقافتی سکریٹری پرسنا راؤ، خازن نذیر احمد، کھیل سکریٹری اقبال شیروا، جی کے شیخ، ابوبکر عرفان ، حمید نذیر وغیرہ موجود تھے۔